اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی حمایت کرنے کا اعلان اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے سلیم مانڈوی والا کو نامزد کر دیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ چیئرمین کیلئے صادق سنجرانی کی حمایت کر دی ہے جبکہ ڈپٹی چیئرمین کیلئے سلیم مانڈوی والا کو نامزد کر دیا ہے۔
زرداری ہاؤس کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہم بھی سینیٹ چیئرمین کے الیکشن میں اپنے امیدوار کا اعلان کر دیں، ہم چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے سلیم مانڈوی والا کو سپورٹ کریں گے۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے ہمیں اکثریت حاصل ہے، آج پہلا قدم ہے، چیئرمین بنا کر اور کام بھی کریں گے۔ وفاق نے 90 فیصد بجٹ پنجاب میں خرچ کیا، ہم چاہتے ہیں دوسرے صوبوں کو بھی حق دیا جائے۔
اس موقع پر ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آپ کو کتنی جماعتوں کی سپورٹ حاصل ہے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں نہیں بتاؤں گا کیونکہ اس سے ن لیگ والوں کو پتہ چل جائے گا۔ پیپلز پارٹی نے سب کو سسپنس میں رکھا ہے۔
سابق چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ میاں رضا ربانی پیپلز پارٹی کا اثاثہ ہیں، ان کے لیے 2018ء کے الیکشن کے بعد پلان بنا رکھا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پُرامید ہیں کہ ہم کامیاب ہوں گے، انشا اللہ جیت ہماری ہو گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہم انتخاب لڑنے کی پوزیشن میں نہیں تھے، پیپلز پارٹی نے آج بلوچستان کے حوالے سے قربانی دی جس پر میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کا شکر گزار ہوں۔ پیپلز پارٹی نے بلوچستان کے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ آصف زرداری نے پہلے ہمیں بلوچستان پیکج دیا تھا۔