مریم نواز کا سانگلہ ہل میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نہیں دنیا کی عدالتی تاریخ کا پہلا مقدمہ ہے، نواز شریف کو سزا پہلے مقدمہ بعد میں چلا رہے ہیں۔ درخواست گزار نے کھربوں کی کرپشن کا الزام لگایا تھا لیکن نواز شریف کیخلاف دس روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں کر پائے، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خوف کی وجہ سے ایک دوسرے کو چور اور بیماری کہنے والوں کو ہاتھ ملانے پڑ گئے۔ یہ نواز شریف کے نظریے کی جیت ہے۔ جمہوریت کی آستین میں جتنے سانپ چھپے تھے سب آہستہ آہستہ باہر آ گئے اور سازشی چہروں سے نقاب اتر گئے۔ سینیٹ الیکشن میں تماشا لگا سب نے دیکھا، سینیٹ الیکشن میں منڈیاں لگیں، ممبرز کو توڑا گیا۔ ممبرز کو توڑنا 22 کروڑ عوام کے ووٹ کی توہین ہے، لیکن یہاں عوام کی توہین کا نہیں شخصیات کا نوٹس ہوتا ہے۔
ن لیگی رہنما نے سانگا ہل کے عوام سے کہا کہ جب یہ لوگ آپ سے ووٹ مانگنے آئیں تو زرداری عمران بھائی بھائی کا نعرہ لگانا کیونکہ یہ دونوں آپس میں ملے ہوئے ہیں اور ان کا نظریہ بھی ایک ہی ہے۔