سابق وزیراعظم نواز شریف نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا پہلےریفرنس میں کچھ نہیں نکلا پھر نئے کی کیا ضرورت تھی، رینٹل پاور پلانٹ، این ایل سی اور ای اوبی آئی کیسز میں کیا ہوا، رینٹل پاور پلانٹ و دیگر کیسزمیں تو کرپشن بھی ثابت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا ضمنی ریفرنس سے پہلے والے ریفرنس پر خول چڑھایا گیا، سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے کیس نہیں سنے جا رہے۔
عامر لیاقت پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے، صحافی کے سوال پر نواز شریف نے ہنس کر جواب دیا الحمدللہ وہ ن لیگ میں نہیں شامل ہوئے، پی ٹی آئی بنی ہی عامرلیاقت جیسے لوگوں کیلئے ہے، عامر لیاقت نے چند سال پہلے ن لیگ میں شمولیت کی کوشش کی تھی۔ صحافی نے سوال کیا کہ چوہدھری نثار نے پروگرام میں شکوے کیے، آپ مناتے کیوں نہیں؟ جس پر نواز شریف خاموش رہے اور کہا کہ میرا خیال ہے جس مقصد کے لیے آئے ہیں وہی پورا کریں۔ نواز شریف نے کہا کمرہ عدالت میں دلیپ کمار کی فلم جیسا حال ہوُچکا ہے، پیار نہ ملنے پر بیڈ روم کو ہی آگ لگا دی گئی۔