بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری

Last Updated On 21 March,2018 09:36 pm

بھارت میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ سولہویں روز بھی جاری رہا۔ بدھ کے روز بھی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کے 2 واقعات پیش آئے۔ پاکستانی سفارتکاروں کو دہلی کی مصروف شاہراہ پر گاڑی آگے لگا کر راستہ روکا گیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے بھارتی وزارتِ خارجہ کو آج کے واقعات پر بھی احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پیر اور منگل کے روز مجموعی طور پر پاکستانی سفارتی عملے کو ہراساں کرنے کے سات واقعات ہوئے۔ گزشتہ روز ایک ہی دن میں سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کے پانچ واقعات سامنے آئے۔ پاکستان نے ان واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک پاکستانی سفارتکار کو صبح اور چار کو شام کے اوقات میں ہراساں کیا گیا۔ ان سفارتکاروں کو یشونت پیلس کے قریب روکا گیا۔

یاد رہے بھارت میں پاکستانی سفارتی عملہ اور اہل خانہ کو ہراساں کئے جانے کا سلسلہ سات مارچ سے جاری ہے۔ کئی واقعات میں پاکستانی سفارت کاروں اور اہل خانہ کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائی گئیں۔ پاکستان نے واقعات پر بھارت کیساتھ ہر سطح پر شدید احتجاج کیا ہے۔ بھارتی ہائی کمشنر کو بھی طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا ہے۔