سابق وزیراعظم نواز شریف کا یوم پاکستان پیغام پر کہنا تھا ملکی ترقی اور خوشحالی بھی جمہوری نظام کے تسلسل اور ووٹ کے تقدس میں پنہاں ہے۔ انہوں نے کہا آج ہم قائد اعظم کے مقصد علامہ اقبال کے خواب کو مکمل ہوتا دیکھ رہے ہیں،ملک سے اندھیرے مٹ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا آج کے دن ان تمام سیاسی کارکنوں، مدبروں، اور دانشوروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے جمہوریت کی جنگ میں قربانیاں دیں، تعمیر پاکستان میں ان کا لہو شامل ہے۔
نواز شریف نے کہا یوم پاکستان ہماری تاریخ کا تابناک اور ناقابل فراموش دن ہے، 23 مارچ نہ صرف جشن منانے بلکہ قرارداد پاکستان میں موجود مقاصد اور حصول کے لیے سخت محنت اور جدوجہد کے عزم کا بھی دن ہے۔ انہوں نے کہا ہم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کے دفاع ،سلامتی اور حفاظت کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔