اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس میں عدم حاضری پر خادم حسین رضوی، پیر افضل قادری، مولاناعنایت اللہ، شیخ اظہر اور دیگر کو اشتہاری قرار دے دیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے مقدمہ کی کارروائی ملزمان کی غیرموجودگی میں آگے بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔ تھانہ آبپارہ پولیس نے انسداد دہشتگردی عدالت کو بتایا کہ خادم حسین کی طلبی کے اشتہار تھانہ نواں کوٹ، ان کے آبائی علاقے اور مجاز عدالت کے باہر چسپاں کر دئیے گئے ہیں۔
یاد رہے انسداد دہشتگردی کی عدالت اس سے قبل خادم حسین رضوی اور دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔ خادم حسین رضوی اور دیگر ملزمان کے خلاف درج 26 مقدمات میں سے اب تک 14 مقدمات میں وارنٹ جاری ہو چکے ہیں، 9 مقدمات میں انسداد دہشتگردی جبکہ پانچ میں سول عدالت نے وارنٹ جاری کیے۔