لاڑکانہ: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے میں حکمران جماعت کا ہاتھ ہے، مرضی کا فیصلہ نہ آئے تو رونا دھونا شروع ہو جاتے ہیں، جمہوریت کے خلاف منصوبوں کو روکیں گے۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمان کا گڑھی خدا بخش میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم سینیٹ کے ایوان کو نہیں مانتے، تو وہ کس زبان سے ووٹ کے تقدس کی بات کرتے ہیں۔ نواز لیگ کی منافقانہ سیاست پوری قوم دیکھ رہی ہے۔ نواز شریف جب بند گلی میں پہنچتے ہیں تو انہیں جمہوریت، پیپلز پارٹی اور میثاقِ جمہوریت یاد آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز لیگ ایک ہانڈی میں دو مزے لے رہی ہے، حکومت میں ہوتے ہوئے اپوزیشن نہیں کی جا سکتی، ہم ایوان کو مچھلی بازار نہیں بنانا چاہتے۔ ہم جمہوریت کے خلاف منصوبوں کو روکیں گے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اس بار پنجاب میں بھرپور مہم چلائیں گے۔ بلاول بھٹو میدان میں ہیں، دما دم مست قلندر ہو گا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگران وزیرِ اعظم کے لئے اپوزیشن سے مشاورت آئین کا تقاضا ہے، ہماری جماعت نگران وزیرِ اعظم کی مشاورت کے لئے تیار ہے۔