ریلوے میں 60 ارب روپے کا خسارہ، چیف جسٹس نے از خود نوٹس لے لیا

Last Updated On 07 April,2018 03:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میان ثاقب نثار نے ریلوے میں 60 ارب روپے کے خسارے پر ازخود نوٹس لے لیا۔ عدالت نے سیکرٹری ریلوے، ریلوے بورڈ کے ممبران کو آڈٹ رپورٹس سمیت طلب کر لیا۔

 چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے محکمہ ریلوے میں 60 ارب کے خسارے پر پر از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ صرف جلسوں میں ریلوے کے منافع بخش ہونے کے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن ریلوے کی اصل صورتحال مختلف ہے، کیو ں نہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو طلب کیا جائے۔

چیف جسٹس پاکستان نے بھارت کے سابق وزیر ریلوے کی تعریف اور ریمارکس دیے کہ بھارت کا وزیر ریلوے لالو پرشاد ان پڑھ آدمی تھا، لیکن ادارے کو منافع بخش بنایا، آج لالو پرشاد کی تھیوری کو ہاورڈ یونیورسٹی میں پڑھایا جا رہا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے یہ بادشاہت تھوڑی ہے، کہ جس کا جو جی چاہے کرتا پھرے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ افسران کو پیش ہو کر 60 ارب روپے کے نقصان کی وجوہات بتانے کی ہدایت کر دی۔