پنشن فنڈ سکینڈل: سول ایوی ایشن ملازمین کا از خود نوٹس کیلئے چیف جسٹس کو خط

Last Updated On 03 April,2018 06:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سول ایوی ایشن ملازمین نے چیف جسٹس آف پاکستان کو پنشن فنڈ سکینڈل کے از خود نوٹس کیلئے خط لکھ دیا۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایس ای سی پی میں غلط بیانی کر کے پاکستان ایئرپورٹ سروس کمپنی بنا کر من پسند افسران کو نوازا گیا۔

سیکرٹری جنرل سول ایوی ایشن ایمپلائز یونین لاہور کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی مینیجمنٹ اینڈ آپریشنز سروسز کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ایئرپورٹ سروسز کے نام سے کمپنی بنا کر من پسند افسران کو شیئرز ہولڈر بنا دیا گیا۔ سیکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے سامنے بھی غلط بیانی کی گئی۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ پنشن فنڈز قواعد کے برعکس اور سٹیٹ بینک کی ہدایات نظر انداز کر کے منتقل کیے گئے۔ اقدام سے سول ایوی ایشن ملازمین کے اربوں کے پنشن فنڈز کو خطرے میں ڈال دیا گیا۔