چیف جسٹس کا صحافی ذیشان بٹ کے قتل کا نوٹس، رپورٹ طلب

Last Updated On 04 April,2018 03:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارنے سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال میں صحافی ذیشان بٹ کے قتل کا نوٹس لے لیا اور آئی جی پنجاب کو 24 گھنٹے میں واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے صحافی ذیشان بٹ کے قتل کا نوٹس سپریم کورٹ رپورٹرز کی جانب سے دی گئی درخواست پر لیا۔ عدالت نے آئی جی پنجاب کو نوٹس جاری کر کے صحافی کے قتل کے واقعہ پر 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 27 مارچ کو ذیشان بٹ کی اس وقت جان لے گئی جب وہ دکانداروں پر عائد کیے گئے ٹیکس کی معلومات لینے یونین کونسل بیگوالا کے دفتر پہنچا۔ وہاں چیئرمین یونین کونسل عمران چیمہ سے اسکی تلخ کلامی ہوئی اور عمران چیمہ نے صحافی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ صحافی ذیشان بٹ نے ان دھمکیوں کے حوالے سے 15 پر فون کر کے پولیس کو آگاہ کیا۔