لاہور: (دنیا نیوز) صاف پانی سکینڈل میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے داماد نیب لاہور میں پیش نہ ہوئے، ان کے نمائندے نے موقف اختیار کیا کہ علی عمران ذاتی وجوہات کی وجہ سے ملک سے باہر ہیں۔
صاف پانی کیس اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے معاملے پر نیب کی جانب سے طلبی پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے داماد علی عمران کے نمائندے نیب کے روبرو پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف کے داماد بیرونِ ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کا معاملے پر شہباز شریف کے داماد کی جانب سے ان کے نمائندے تلمیز نبی نیب کے روبرو پیش ہوئے اور حکام کو بتایا کہ علی عمران یوسف بیرون ملک گئے ہیں، اس لئے پیش نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے نیب کی جانب سے مانگے گئے ریکارڈ کا کچھ حصہ جمع کرایا۔
خیال رہے کہ صاف پانی سکینڈل میں نیب نے علی عمران کے خلاف انکوائری شروع کر رکھی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے نوید اکرم کو بطور چیف فنانس آفیسر صاف پانی کمپنی میں میرٹ کے برعکس تعینات کرایا۔ نوید اکرم نے بطور سی ایف او 12 کروڑ کی رقم علی عمران کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے صاف پانی کیس میں علی عمران کو بے گناہ قرار دیا تھا، تاہم نیب کے مطالبے پر متعلقہ ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔ علی عمران سے کروڑوں روپے اکاؤنٹ میں ٹرانفسر ہونے پر پوچھ گچھ کی جانی ہے۔ واضح رہے کہ نوید اکرم پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں بھی بطور چیف فنانس آفیسر کام کرتے رہے ہیں۔