اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابقِ وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ عوام کی پسند کے بجائے مطلب کے حکمران تلاش کرنا، اسے ووٹ کی توہین کہا جا سکتا ہے۔
اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب میں سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ کروڑوں عوام کا مقبول نعرہ’’ووٹ کوعزت دو‘‘بن چکا ہے۔ یہ نعرہ اپنے اندر پاکستان کی ساری تاریخ سموئے ہوئے ہیں۔ قائدِ اعظم کی جدوجہد جمہوری اصولوں پر مبنی تھی۔ جمہوریت آج کوئی اجنبی نظریہ نہیں، عوام کی حکمرانی کا نام ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں جمہوریت آج بھی قدم نہیں جما سکی ہے۔ پاکستان میں ووٹ کے تقدس کو تماشا بنا دیا گیا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ عوام ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سناتی ہے۔ مہذب قومیں عوام کے فیصلے کا احترام اور تمام ملکی ادارے بھی تسلیم کرتے ہیں۔ لیکن عوام کی پسند کے بجائے مطلب کے حکمران تلاش کرنا، اسے ووٹ کی توہین کہا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے پاکستان کی پوری تاریخ اس تماشے سے بھری پڑی ہے۔ جمہوری قوتوں کو غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا نشانہ بنایا گیا اور عوام کی رائے کو بار بار کچلا گیا۔ ستر سال سے یہ کھیل جاری ہے۔ جب عوام کے فیصلے کو ناکام بنانے کے منصوبے بنائے جاتے ہیں تو مطلب عوام کی رائے کو کچلنا ہے۔ کسی کو حکمرانی کا حق دینا عوام کا اختیار ہے۔ عوامی عدالت کے فیصلے کو تسلیم کیا جائے، ممکن ہے کچھ حلقوں کو فیصلہ پسند نہ آئے۔