توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ کا فیصل رضا عابدی کو گرفتار کرنے کا حکم

Last Updated On 18 April,2018 05:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے فیصل رضا عابدی کیخلاف توہینِ عدالت کیس میں نجی ٹی وی چینل کو نوٹس جاری کر دیا، متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو آئندہ سماعت پر فیصل رضا عابدی کو پکڑ کر پیش کرنے کا حکم، چینل کی جانب سے معافی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

سپریم کورٹ میں فیصل رضا عابدی کیخلاف توہینِ عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ عدالتِ عالیہ نے نجی ٹیلی وژن چینل کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو فیصل رضا عابدی کو پکڑ کر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ اس چینل کو شرم آنی چاہیے، کیا یہ آزادیِ رائے ہے؟ کیا چینل نے پروگرام ائیر ہونے سے پہلے دیکھا نہیں تھا؟ جس پر چینل مالک کا کہنا تھا کہ پروگرام نشر ہونا ہماری غلطی ہے، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ غلطی تھی تو توہینِ عدالت نوٹس کا جواب جمع کروائیں۔

نجی چینل کے وکیل کا کہنا تھا کہ معذرت کر چکے ہیں، اینکر کو بھی فارغ کر دیا ہے، جس پر چیف جسٹس نے کا کہنا تھا کہ کیا ایسے معافی ہوتی ہے، پروگرام کرکے معافی مانگ لیتے ہیں، ہم آپ کی معافی قبول نہیں کر رہے، کیس کی سماعت 3 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔