چیف جسٹس کا پنجاب بھر کے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

Last Updated On 14 April,2018 05:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صحت کے شعبہ کی اصلاحات کا عزم ، چیف جسٹس آف پاکستان ان ایکشن، پنجاب پولیس کو صوبے بھر کے عطائی ڈاکٹروں کو گرفتار کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔

لاہورسپریم کورٹ رجسٹری میں سرکاری ہسپتالوں کی ابتر صورتحال پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے پنجاب پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ صوبے بھر میں موجود عطائیوں کے خلاف سخت ایکشن لے اور ایک ہفتے کے اندر عطائی ڈاکٹروں کو گرفتار کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔

چیف جسٹس نے پنجاب ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں ادویات کی بروقت ٹیسٹنگ نہ ہونے پر بھی ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی، لیبارٹری کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں بتایا گیا کہ اب تک 1300 ادویات میں سے 1077 کی ٹیسٹنگ مکمل کرلی گئی ہے اور صرف 270 ادویات کی ٹسیٹنگ مکمل ہونا باقی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ نامکمل ٹیسٹنگ والی ادویات کو 6 ہفتوں میں مکمل کیا جائے جب کہ ہرنئی آنے والی دوا کی 30 یوم میں ٹیسٹنگ مکمل کرکے ہسپتالوں کو فراہم کی جائے۔