چیف جسٹس کا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف نہ ملنے کا نوٹس

Last Updated On 08 April,2018 10:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف نہ ملنے کا نوٹس، چیف جسٹس نے پنجاب حکومت سے وجوہات طلب کرلیں۔ شہید خاتون کی بیٹی بسمہ سے ملاقات میں چیف جسٹس نے کہا کہ ڈرنے کی ضرورت نہیں، عدل ہوگا۔

چیف جسٹس پاکستان مختلف کیسز کی سماعت کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچے تو اس موقع پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین نے احتجاج کیا اور چیف جسٹس سے انصاف میں تاخیر کا ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی۔ متاثرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر چیف جسٹس سے ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی گئی تھی۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید خاتون کی بیٹی بسمہ نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات بھی کی۔ بسمہ کا کہنا تھا کہ 4 سال گزر گئے لیکن اب تک انصاف نہیں ملا جس پر چیف جسٹس نے انہیں یقین دلایا کہ انصاف ملے گا، میرے ہوتے ہوئے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ ماڈل ٹاون میں 14 بے گناہ افراد کو قتل کیا گیا، چار سال گزرنے کے باجود ہمیں انصاف نہیں ملا، ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

چیف جسٹس پاکستان نے پنجاب حکومت سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کو انصاف میں تاخیر کی وجوہات اور تفصیلات طلب کرلیں اور کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب انصاف میں تاخیر کی وجوہات اور تفصیلات پیش کریں۔