چیف جسٹس نے ججوں کو اضافی سیکیورٹی دینے کی پیشکش مسترد کر دی

Last Updated On 16 April,2018 07:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جسٹس اعجاز الاحسن سمیت تمام ججز کی سیکیورٹی بڑھانے کی پیشکش مسترد کر دی۔ سیکیورٹی بڑھانے کی پیشکش پنجاب حکومت نے کی تھی۔

جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کے معاملے میں پنجاب حکومت کی ججز کے لیے سیکیورٹی بڑھانے کی پیشکش کو چیف جسٹس پاکستان نے مسترد کرتے ہوئے ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کا مشورہ دیا ہے۔

پنجاب حکومت نے کہا کہ واقعے کے بعد جسٹس اعجازالاحسن کی رہائشگاہ سمیت تمام ججز کی سیکیورٹی بڑھانا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ججز کو اضافی سیکیورٹی کی ضرورت نہیں، ججز کیلئے معمول کے سیکیورٹی انتظامات کافی ہیں۔ حکومت عام آدمی کے مفاد کیلئے مجموعی طور پر سیکیورٹی صورتحال بہتر بنائے۔