لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ شریف خاندان پاناما کے معاملے کو ووٹ کی عزت کا رنگ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ آج پارلیمنٹ کے کمزور ہونے کی وجہ نواز شریف ہیں۔ انہوں نے سابق وزیرِاعظم کے لندن جانے پر بھی سوالات اٹھا دئیے۔
مرکزی سیکر یٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین نفیسہ شاہ نے لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت وقت پر الیکشن کا انعقاد چاہتی ہے کیونکہ ہمارا مفاد عوام کے ساتھ وابستہ ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی شکایتوں کے انبار ملیں گے۔ ہم نے سندھ میں اورنج ٹرین نہیں بنائی لیکن مفادِ عامہ کے کام کئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات میں بلاول بھٹو وزیرِاعظم کے امیدوار ہوں گے لیکن وہ الیکشن کہاں سے لڑیں گے اس کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے اپنے صوبائی احتساب کمیشن کو برباد کر دیا اور شہباز شریف نے پنجاب میں تاریخی ورثے کا برا حال کر دیا۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ شریف خاندان پاناما کے معاملے کو ووٹ کی عزت کا رنگ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ آج پارلیمنٹ کے کمزور ہونے کی وجہ نواز شریف ہیں۔ انہوں نے سابق وزیرِاعظم کے لندن جانے پر بھی سوالات اٹھا دئیے۔
اس موقع پر چودھری منظور کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنی ہی جماعت پر شک کر رہی ہے۔ کاش عمران خان ان کو بھی نکال دیتے جس کو سپریم کورٹ نے نکال دیا اور جس کا نیب میں کیس چل رہا ہے۔