کوئٹہ: ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے

Last Updated On 24 April,2018 05:15 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف نے اپنے مطالبات کے حق میں ایک بار پھر احتجاج شروع کر دیا ہے۔

 

ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف مظاہرے کے دوران   ساڈا حق ایتھے رکھ   کے نعرے لگاتے رہے۔ احتجاجی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس سول ہسپتال سے ریلی کی شکل میں نکلے اور وزیرِاعلیٰ کی جانب جانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے مظاہرین کو آگے جانے سے روک دیا جس پر انہوں نے کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دے دیا۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کے کہنے پر احتجاج ختم کیا لیکن صوبائی حکومت نے ان کےمطالبات پورے نہیں کئے۔ مظاہرین نے کمشنر آفس کے سامنے دھرنے کے دوران حکومت کے خلاف خوب نعرہ بازی کی۔

احتجاج کرنے والوں کا مطالبہ ہے کہ ہاؤس جاب ڈاکٹرز کے وظیفےمیں اضافہ، ہسپتالوں میں سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پیرا میڈیکس کے مطالبات کی منظور ہونے والی سمری جاری کی جائے۔

ڈاکٹرز سے انتظامیہ کے اعلیٰ افسروں نے دو بار مذاکرات کے لئے لیکن کوئی بات نہیں بنی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے۔