کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ سرمایہ کاری معیشیت کی ترقی کا اسٹارٹنگ پوائنٹ ہوتا ہے، چین سے اچھا دوست کوئی نہیں ہوسکتا، قدم قدم پر چین نے ہمارا ساتھ دیا ہے۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں گورنر سندھ محمد زبیر نے سی پیک کے حوالے سے چین کے تکنیکی تعلیمی اداروں کی نمائش کا دورہ کیا، اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے مشترکہ معاہدوں کے باعث اس ایونٹ کی بہت اہمیت ہے، سی پیک کے تناظر میں ایسی نمائشیں پاکستان کی ضرورت ہیں۔
محمد زبیر نے مزید کہا کہ دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں، ایسی پالیسیاں بنانی ہیں جن سے سرمایہ کاری آئے، یہ معیشیت کی ترقی کا اسٹارٹنگ پوائنٹ ہوتا ہے، گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں ماحول بدل چکا ہے، امن آ گیا ہے۔ چین سے اچھا دوست کوئی نہیں ہوسکتا، قدم قدم پر چین نے ہمارا ساتھ دیا ہے، ڈالر کے عدم توازن کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں، تجارتی توازن کے حصول کے لئے برآمدات میں اضافہ از حد ضروری ہے، معیشت میں بہتری لانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں، تنقید برائے تعمیر ہونی چاہیئے۔