پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ، آئی ایس پی آر

Last Updated On 28 April,2018 07:28 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ، کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے، پاکستان نے شدید احتجاج کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان اور بھارتی ڈی جی ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا۔ پاکستان نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا معاملہ اٹھایا۔ ڈی جی ایم او پاکستان نے کہا کہ بھارتی فوج جان بوجھ کر کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے۔ بھارتی فورسز دراندازی کے جواب میں فائرنگ کرنے کا جھوٹا جواز پیش کرتی ہیں۔ رواں سال بھارتی جارحیت سے اب تک 219 معصوم شہری شہید و زخمی ہوچکے ہیں۔ بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والوں میں 112 خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ بھارتی افواج کے غیرپیشہ ورانہ اور غیر اخلاقی اقدامات اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں۔

ڈی جی ایم او پاکستان نے مزید کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں سے امن کو شدید خطرات لاحق ہورہے ہیں اور کنٹرول لائن کی صورتحال مزید خراب ہورہی ہے۔ بھارتی سیکیورٹی فورسز کو الزام تراشیوں سے گریز کرنا ہوگا اور اپنے گریبان میں جھانکنا ہوگا۔ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر پائیدار امن کیلئے بھارتی افواج کا جنگ بندی معاہدے پر عمل ناگزیر ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، لیکن اس کے باوجود بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔