قومی اسمبلی میں موجود سب کو نااہل کر دینا چاہیے ،خادم رضوی

Last Updated On 30 April,2018 09:59 am

نارووال: (روزنامہ دنیا) تحریک لبیک یا رسول کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی نے حضرت غلام حسین شاہ ؒکے 58 ویں سالانہ عرس کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تحریک لبیک یا رسول اللہ2018 کے الیکشن میں کسی پارٹی سے اتحاد نہیں کرے گی ،تنہا ہی الیکشن میں حصہ لیں گے ،مجلس عمل کو ہمارے مقابلے میں کلثوم نواز میں اسلام نظر آیا ،اتحاد ممکن نہیں،اگر ہماری گرفتاری سے ملک سنورتاہے توآج ہی گرفتاری دے دینگے ،وہ لوگ جو حکومت میں ہوتے ہوئے مساجد کے سپیکر اترواتے تھے ان سے اتحاد نہیں ہو سکتا، ہم ان کیساتھ کیسے بیٹھ کر کہیں گے کہ یہ لوگ دین کیلئے آئے ہیں۔

خادم حسین رضوی نے کہا راجہ ظفر الحق کی رپورٹ ہمارے پاس سیل بند ہے ،ابھی حکمت کے تحت نہیں کھول رہے اس رپورٹ میں بڑے بڑے پردہ نشینوں کے نام آئیں گے ،دین کی سربلندی کیلئے کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہو گا ۔خواجہ آصف کی نااہلی کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا قومی اسمبلی میں موجود سب کو نااہل کر دینا چاہیے جن کے ہوتے ہوئے ختم نبوت پر ڈاکہ پڑا یہ قابل نہیں رہے کہ مسلمانوں کی نمائندگی کریں۔