لاہور: (دنیا نیوز) خواتین ملازمین کے ڈی جی لینڈ ریکارڈ کے خلاف شکایات کے انبار، چیف جسٹس نے ڈی جی لینڈ ریکارڈ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر کو معطل کردیا۔
محکمہ لینڈ ریکارڈ کی خواتین ملازمین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ڈی جی لینڈ ریکارڈ کی شکایات کی جس پر چیف جسٹس نے فوراَ کارروائی کرتے ہوئے ڈی جی لینڈ ریکارڈ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر کو معطل کردیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جو خواتین کے ساتھ تمیز سے بات نہیں کرسکتا وہ یہاں نہیں رہ سکتا۔
محکمہ لینڈ ریکارڈ کی خواتین چیف جسٹس کو اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے روتی رہیں، آج ہمیں بولنے دیں پھر ہمیں کوئی موقعہ نہیں دے گا۔ ڈی جی کی معطلی کے احکامات سنتے ہی خواتین نے کمرہ عدالت میں تالیاں بجائیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تالیاں بجانے کی ضرورت نہیں، چیف جسٹس نے تمام ملازمین کو ہڑتال ختم کرنے کا حکم بھی دیا اور کہا کہ آپ کے مسائل خود سنوں گا، ڈسپلن پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے لینڈ ریکارڈ کی ملازم ارم شہزادی کے دوسرے ضلع میں غیرقانونی تبادلے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ عدالت نے ڈی جی لینڈ ریکارڈ کی معطلی کے حوالے سے چیف سیکرٹری کوعدالتی حکم پر فوراً عمل درآمد کرنے کا حکم بھی دیا۔