شب برات یکم مئی منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو ہو گی

Last Updated On 28 April,2018 02:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شب برات یکم مئی منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو ہو گی، ملک بھر میں شب برات مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔

ہرسال کی طرح اس سال بھی شب برات پر ملک بھر کی مساجد کو خصوصی طور پر سجایا جائیگا، جہاں رات بھر عبادات کی جائیں گی، خصوصی نوافل ادا کئے جائیں گے اور ملک کی ترقی و خوشحالی، امت مسلمہ کی سربلندی، گناہوں کی بخشش، آسودگی، بیماریوں سے شفایابی کی خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

لوگ اپنے مرحومین کی قبروں پر فاتحہ خوانی اور دعاؤں کے لئے قبرستان بھی جائیں گے۔ شہری انتظامیہ نے اس سلسلے میں قبرستانوں کی صفائی ستھرائی کے لئے خصوصی انتظامات کر لئے ہیں۔