لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں ڈرگ ایکٹ 2017 کیخلاف شٹرڈاؤن ہڑتال تیسرے روز میں داخل ہو گئی، متعدد میڈیکل سٹور بند ہونے سے مریض پریشان ہیں۔
لاہور میں بڑے ہسپتالوں کے باہر میڈیکل سٹور بند ہیں تاہم میو اور گنگارام ہسپتال کے باہر چند میڈیکل سٹورز کھلے ہیں۔ راولپنڈی میں آل پاکستان کیمسٹ ایسوسی ایشن کی کال پر میڈیکل اسٹورز بند پڑے ہیں۔
گوجرانوالہ میں بھی میڈیکل سٹورز مالکان نے شٹر ڈاؤن کر رکھا ہے، ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کیمسٹس اینڈ ڈرگز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے ڈرگ ایکٹ 2017 کے خاتمے تک شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری رہے گی۔
پنجاب کے بڑے شہروں کی طرح چھوٹے شہروں میں میڈیکل سٹورز بند ہونے کی وجہ سے مریض رل رہے ہیں۔ سیالکوٹ میں بھی میڈیکل سٹورز مالکان کسی سے پیچھے نہیں، ضلع بھر میں میڈیکل اسٹور بند ہونے کی وجہ سے مریضوں کو دواؤں کے حصول میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
اوکاڑہ، نارووال اور وہاڑی میں ہڑتال کے باعث دوائیں ناپید ہیں، جس کی وجہ سے مریض دواؤں کے حصول کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ صادق آباد، چشتیاں، پیر محل اور قصور میں بھی میڈیکل سٹورز پر تالے پڑے ہوئے ہیں۔