بھکر: (دنیا نیوز) بھکر میں اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہوئی جس میں 35 نادار جوڑے رشتہ ازدواج میں بندھ گئے، تقریب کا اہتمام فلاحی ادارے نے کیا۔
ضلع بھکر کی تحصیل دریا خان کے گاوں خانسر میں ایک نجی سماجی ادارے نے 35 غریب اور نادار جوڑوں کی اجتماعی شادی کرائی جسمیں نئی زندگی شروع کرنے والے جوڑوں کو ضروریات زندگی کا پورا سامان مہیا کیا گیا۔
ان خوش قسمت جوڑوں کا تعلق بھکر ڈی آئی خان اورکچہ کے نشیبی علاقوں سے تھا، اجتماعی شادیوں کا انتظام کرنے والی سماجی تنظیم اب تک ایسے سینکڑوں نادار گھرانوں کی بچیوں کی شادیاں کر چکی ہے، جو اپنی جوان بیٹیوں کے ہاتھ پیلے کرنے کی استعداد نہیں رکھتے۔
کم وسائل کے حامل خاندانوں کے مرد و خواتین کی اجتماعی شادیوں کا اقدام رضائے الہی کے حصول کے علاوہ معاشرے کے کمزور طبقات کے لئے خوشگوار زندگی گزارنے کا وسیلہ بھی بنتا ہے۔