انصاف کی فوری فراہمی عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، چیف جسٹس

Last Updated On 04 May,2018 06:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ انصاف کی تاخیر اور مقدمات کی بھرمار پر تشویش ہے، بطور چیف جسٹس فوری اور سستے انصاف کی کوششیں کر رہا ہوں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کا اسلام آباد میں جوڈیشل کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ انصاف کی تاخیر اور مقدمات کی بھرمار پر تشویش ہے، فوری اور سستے انصاف کے لیے عدالتی اصلاحات میری ترجیح ہیں۔ بطور چیف جسٹس فوری اور سستے انصاف کی کوششیں کر رہا ہوں۔ قوم کی خوشحالی میں انصاف کا بہت اہم کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق آئینی معاملات اور تمام عوامل کو بھی مدنظر رکھنا ہو گا۔ سی پیک سے ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی۔ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان سماجی و اقتصادی ترقی کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکساں انصاف کے بغیر عام آدمی تک معاشی فائدے نہیں پہنچ پاتے، مساوی حقوق کی بنیاد پر ہی معاشرے کی ترقی کی راہ کا تعین ہوتا ہے۔