لاہور (دنیا نیوز ) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سفارش کرنے پر اپنے داماد پر بھی اظہار برہمی کیا اور انہیں عدالت طلب کر لیا۔ خالد رحمان نے سابق آئی جی غلام محمود ڈوگر کی سابق اہلیہ اور بیٹوں کا نام ای سی ایل میں سے نکالنے کی سفارش کی تھی۔
چیف جسٹس سفارش پر سخت برہم ہوئے اور معمول کے کیسوں کی سماعت کے دوران ہی انہوں ںے اپنے داماد خالد رحمان کو عدالت طلب کر لیا۔ چیف جسٹس کے داماد نے عدالت میں بیان دیا کہ ان سے ڈی آئی جی غلام محمود ڈوگر نے سفارش کی تھی کہ وہ چیف جسٹس سے ان کی سابق اہلیہ اور بیٹوں کا نام ای سی ایل میں سے نکالنے کیلئے سفارش کریں جس پر انہوں نے ایسا کیا۔ اس پر چیف جسٹس نے ان کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بیٹے ہوں گے تو گھر پر یہاں وہ ایک سائل کی حیثیت سے آئے ہیں۔ اس پر چیف جسٹس کے داماد نے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کی یقین دہانی کرا دی۔