وزیرداخلہ احسن اقبال چار روز سے سروسز ہسپتال میں زیرعلاج

Last Updated On 09 May,2018 07:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیرداخلہ احسن اقبال چار روز سے سروسز ہسپتال میں زیرعلاج، طبیعت میں بہتری، زخم بھرنے لگے جبکہ اہم سیاسی و سماجی اورعسکری شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال سروسز ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت اب کافی بہتر ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اب وزیر داخلہ کی حالت پہلے سے بہتر ہے اور ان کے زخم بھر رہے ہیں۔ احسن اقبال سے ملنے کے لیے اہم سیاسی، سماجی اورعسکری شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے تاہم ڈاکٹروں نے کسی کو بھی احسن اقبال سے ملنے کی اجازت نہیں دی اور تمام افراد نے احسن اقبال کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔

دانیا ل عزیز اور مریم اورنگزیب نے بھی سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور احسن اقبال کی فیملی سے ملاقات کی۔

یاد رہے کہ وزیر داخلہ احسن اقبال اتوار کو نارووال کے علاقے کنجروڑ میں کارنر میٹنگ کے بعد ہونے والے قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے تھے۔ یہ کارنر میٹنگ احسن اقبال کے آبائی گاؤں کے قریب علاقے میں ہو رہی تھی۔ احسن اقبال کو ضلعی ہسپتال نارووال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد سروسز ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق گولی احسن اقبال کے بازو پر لگی جہاں کہنی کے قریب سے یہ ہڈی توڑتے ہوئے پیٹ میں گھس گئی۔ ان کے پیٹ سے گولی نکالنے کے لیے آپریشن کیا گیا ہے۔

وزیرِ داخلہ پر فائرنگ کرنے والے عابد حسین نامی شخص کو موقع سے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس قاتلانہ حملے کا مقدمہ ناروال میں شاہ غریب تھانے میں درج کیا گیا ہے اور اس میں اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ حملہ آور عابد حسین کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔