گجرات: (دنیا نیوز) گجرات میں پاکستانی نژاد اطالوی خاتون کی موت حادثاتی نہیں بلکہ قتل تھا، پوسٹمارٹم رپورٹ میں تصدیق ہوگئی۔
فرانزک لیبارٹری نے رپورٹ جاری کر دی جس میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے۔ رپورٹ میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے پاکستانی نژاد اطالوی خاتون کی موت حادثاتی نہیں، ثنا چیمہ کو گلا دبا کر مارا گیا، گردن کی ہڈی بھی ٹوٹی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق ثناء چیمہ کو پسند کی شادی سے روکنے کیلئے باپ اور بھائی نے قتل کیا، 18 اپریل کو گجرات میں پاکستانی نژاد اطالوی شہری 26 سالہ ثناء چیمہ کی موت کی رپورٹس سامنے آئی تھیں تاہم اہلخانہ نے اسے حادثہ قرار دے کر لڑکی کو سپرد خاک کر دیا تھا۔
مقتولہ نے 19 اپریل کو اٹلی جانا تھا، بعد میں سوشل میڈیا اور اطالوی میڈیا پر ثنا چیمہ کے قتل کی رپورٹ منظر عام پر آئیں، جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور مقتولہ کے بھائی اور چچا کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان 20 اپریل سے پولیس کی تحویل میں تھے۔
ثناء چیمہ کی 25 اپریل کو قبر کشائی کی گئی اور پھر پوسٹ مارٹم کیا گیا جس کی فرانزک رپورٹ آج سامنے آنے کے بعد سب حقائق منظر عام پر آگئے۔