اسلام آباد: (دنیا نیوز) جنوبی پنجاب کے بعد عمران خان نے جی ٹی روڈ پر بھی مسلم لیگ (ن) کی مزید وکٹیں گرا دیں۔ رانا عمر نذیر فیملی سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے۔ ایم پی اے راحیلہ یحییٰ منور اور رضا حیات ہراج نے بھی باضابطہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔
عمران خان کی سیاسی پچ پر جارحانہ اننگز جاری ہے۔ گوجرانوالہ سے رکن قومی اسمبلی رانا عمر نذیر کپتان کے کھلاڑی بن گئے۔ رانا عمر نذیر کے والد رانا نذیر نے بھی پی ٹی آئی کا پرچم اٹھا لیا۔
خانیوال سے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی ایم این اے رضا حیات ہراج نے باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا۔ خانیوال سے ہی ن لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالرزاق خان بھی کپتان کے کھلاڑی بن گئے۔
مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی راحیلہ یحییٰ منور بھی پی ٹی آئی کے قافلے میں شریک ہو گئیں۔ تمام رہنماؤں نے پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عمران خان کی قیادت میں ترقی کی منازل طے کرے گا۔ تحریک انصاف کی قیادت نے بھی تمام رہنماؤں کی پارٹی میں شمولیت پر اظہارِ تشکر کیا۔