کراچی: (دنیا نیوز) ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ عمران خان کراچی کے جلسے میں شہر کیلئے اچھے پیکیج کا اعلان کرینگے۔ رہنماؤں نے شہریوں کو جلسے کی دعوت دینا بھی شروع کر دی۔
12 مئی کو کراچی میں تحریک انصاف کے جلسے کیلئے نئے مقام پر نئے عزم کے ساتھ تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ پی ٹٰی آئی رہنماؤں نے الہ دین پارک سے متصل گراؤنڈ کا دورہ کیا، شہریوں میں جلسے سے متعلق ہینڈ بلز تقسیم کئے اور شرکت کی دعوت بھی دی۔
تحریکِ انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے راشد منہاس روڈ پر قائم مرکزی کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو ہر قیمت پر پرامن رہنا چاہیے۔ عمران خان جلسے میں کراچی پیکیج کا اعلان کرینگے جو عوام کی امیدوں پر پورا اترے گا۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ جلسے کے لئے ساٹھ فٹ اونچا اور دو سو فٹ چوڑا سٹیج بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی۔ سات مئی کو ہونیوالے واقعہ پر کسی کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کرنا چاہتے، ہماری جانب سے عام معافی ہے۔