لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلہ آنے کی اطلاعات ہیں۔ لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے باہر نکل آئے۔
ملک کے مختلف شہروں فیصل آباد، سرگودھا، سوات اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے باہر نکل آئے۔
زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا۔ زلزلے کی گہرائی 187 کلومیٹر زیر زمین تھی۔
خیال رہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے متعدد شہروں میں گزشتہ روز چند گھنٹوں میں دو مرتبہ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ لاہور، راولپنڈی اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
صبح آنیوالے زلزلے کی شدت 5.5 جبکہ شام کو 6.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا اور زمین میں گہرائی 97 کلومیٹر تھی۔
بنوں میں گورنمنٹ سکول ٹانچی میں بھاگتے ہوئے گرنے سے 11 طلبہ زخمی ہو گئے، 5 طلبہ کومعمولی چوٹیں آئیں جبکہ 6 طلبہ زیادہ زخمی ہوئے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
زلزلے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔ اسلام آباد، لاہور، پشاور، سوات، فاٹا، مظفرآباد سمیت ملک کے متعدد علاقوں میں شدید زلزلہ آیا۔
ملتان، سرگودھا، شیخوپورہ، ساہیوال، پنڈی بھٹیاں، خیبر ایجنسی، غذر، پشاور، مانسہرہ، سوات، چترال، دیر، ایبٹ آباد، اٹک، بٹگرام، ہری پور، فاٹا اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔