پنجاب اور خیبر پختونخوا کے متعدد شہروں میں زلزلہ، لوگ گھروں سے نکل آئے

Last Updated On 09 May,2018 05:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اسلام آباد، لاہور، پشاور، سوات، فاٹا، مظفرآباد سمیت ملک کےمتعدد علاقوں میں شدید زلزلہ آیا، شدت 6 اعشاریہ 4، گہرائی 109 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ نئی دلی سمیت بھارت کے کئی شہر بھی زلزلے سے لرز اُٹھے۔

لاہور، اسلام آباد، سمیت ملک کے زیادہ تر علاقے زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرزاٹھے۔ لوگ گھروں اور دفاتر سے نکل آئے۔ ملتان، سرگودھا، شیخوپورہ، ساہیوال، پنڈی بھٹیاں، خیبرایجنسی، غذر، پشاور، مانسہرہ، سوات، چترال، دیر، ایبٹ آباد، اٹک، بٹگرام، ہری پور، فاٹا اور آزادکشمیر کے علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث سینیٹ کے اجلاس کی کارروائی 10 منٹ کیلئے معطل کر دی گئی۔ ریکٹرسکیل پر شدت 6.4، زیر زمین گہرائی 109 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش میں افغان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ بھارتی شہر نئی دلی، ہریانہ، چندی گڑھ اور مقبوضہ وادی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نئی دلی میں زلزلے کے وقت آندھی چلی اور بارش ہوئی۔ امریکن جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ کی شدت چھ اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی۔ بھارت میں ابتدائی طور پر کسی قسم کے جانی ومالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔