لاہور: (مدثرحسین سے ) اداکارہ سپنا کہاں گئی؟ کس نے اغوا کیا؟ زندہ بھی ہیں یا نہیں؟ اس سار ے معاملے کی تحقیقات کیلئے تین رکنی اعلیٰ سطحی ٹیم نے تفتیش شروع کردی۔
ٹیم نے سپنا کے والد اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیانات ریکارڈ کر لئے۔ تفتیشی ٹیم کو اداکارہ کو تلاش کرنے کے بارے میں کو ئی سراغ نہیں مل سکا۔ 2012 میں پراسرار طور پر لاپتہ ہونیوالی سابق وزیر اعلیٰ دوست محمد کھوسہ کی بیوی کی 3 رکنی اعلیٰ سطحی تفتیشی ٹیم نے انکوائری شروع کر دی۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن مبشر میکن کی سربراہی میں بنائی جانیوالی تفتیشی ٹیم نے سپنا کے والد مشعال خان کا بیان ریکارڈ کیا۔ ذرائع کے مطابق سپنا کے والد نے پولیس کو بیان دیا کہ میری بیٹی دوست محمد کھوسہ کے پاس تھی اور اسکے بعد لاپتہ ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیرا علیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ بھی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ نے اپنے بیان میں کہا سپنا کو اس کے والد نے اغوا کیا، مجھے اس کے بارے میں کچھ پتہ نہیں۔ سپنا کی ایک بیٹی بھی ہے جسکی پرورش دوست محمد کھوسہ کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم کو سپنا کے بارے میں ایسا کوئی سراغ نہیں مل سکا جس سے پتہ چلایا جاسکے کہ سپنا کہاں گئی ہے۔