جوابی اقدام: پاکستان میں امریکی سفارتی عملے کی نقل وحرکت پر پابندیاں

Last Updated On 12 May,2018 11:07 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے جوابی اقدام کرتے ہوئے امریکہ کے سفارتی عملے کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا۔ گاڑیوں، سم کارڈ اور رہائش گاہ کے حوالے سے متعدد پابندیاں عائد کر دیں۔ قبل ازیں امریکہ نے واشنگٹن میں تعینات پاکستانی سفارتی عملے پر پابندیاں لگائی تھیں۔

حکومت پاکستان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے امریکی سفارتی عملے پر سفری پابندیاں عائد کر دیں۔ گاڑیوں کے شیشے کالے کرنے، چالیس کلومیٹر کی حدود سے باہر جانے اور رہائش گاہ تبدیل کرنے کیلئے پیشگی اجازت لازم قرار دے دیا گیا اور اس حوالے سے امریکی سفارتخانے کو آگاہ کر دیا گیا۔


ذرائع کے مطابق امریکی سفارت کاروں کو آفیشل گاڑیوں پر غیرسفارتی نمبر پلیٹس اور کرائے کی گاڑیوں پر سفارتی نمبرپلیٹس کا استعمال نہیں کرنے دیا جائےگا، فون سم کارڈز نکلوانے کیلئے بائیو میٹرک تصدیق کروانا ہو گی۔ رہائشگاہ کی تبدیلی اور ریڈیو کمیونیکیشن ڈیوائسز لگانے کیلئے پیشگی اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا

امریکی سفارتکاروں کو ویزہ مدت ختم ہونے کے بعد رکنے یا متعدد پاسپورٹ رکھنے کی ممانعت ہو گی، امریکہ سے آنے والے سامان کی ایئرپورٹس پر اسکیننگ کی جائے گی، امریکی سفارتکاروں کے پاکستانی حکام سے رابطے کیلئے قواعد پر سختی سےعملدرآمد کیا جائے گا۔ دفترخارجہ کی طرف سے لکھے گئے خط کے مطابق پاکستان نے یہ اقدام امریکہ کی جانب سے پاکستانی سفارتی عملے پر پابندیوں کے جواب میں اٹھایا۔