کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف آج کراچی میں رنگ جمانے کیلئے تیار ہے، راشد منہاس روڈ پر الہ دین پارک سے متصل گراؤنڈ میں جلسہ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔
سیاسی طاقت کے مظاہرے کیلئے تحریک انصاف نے میدان میں سٹیج تیار کر کے کرسیاں لگا دی گئیں، کھلاڑیوں کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا، قائدین کے خطاب کیلئے 60 فٹ لمبا، 40 فٹ چوڑا اور 60 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا ایسا جلسہ ہوگا جس کی مثال نہیں ملتی۔ خواتین رہنماؤں اور کارکنان کا کہنا تھا کپتان کے استقبال کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جلسہ یادگار بنا دیں گے۔ تحریک انصاف کی کارکنان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حالات بہتر بنانے کیلئے کراچی کے شہریوں کو آگے آنا ہوگا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:کراچی میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم
یاد رہے کراچی میں گلشن اقبال کے حکیم سعید گراونڈ میں جلسے کے لئے جیالوں اور کھلاڑیوں میں تصادم بھی ہوا، جس کے بعد کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا، لاٹھیاں برسائیں اور کیمپ جلا دیئے۔ پتھراؤ سے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا، اس دوران کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ مظاہرین نے 2 گاڑیاں پھونک دیں۔
کشیدگی کے بعد دونوں جماعتوں نے گلشن اقبال کے حکیم سعید گراونڈ میں جلسہ کرنے کی بجائے مقام تبدیل کر لیا، اب پاکستان پیپلزپارٹی باغ جناح جبکہ پاکستان تحریک انصاف راشد منہاس روڈ پر الہ دین پارک سے متصل گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی۔