اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ احکامات کی روشنی میں ایف آئی اے نے اصغر خان کیس میں تحقیقات کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے احسان صادق کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ کمیٹی کو جلد از جلد انکوائری مکمل اور پیشرفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اصغر خان کیس میں اہم پیشرفت، 1990ء کے عام انتخابات میں سیاستدانوں میں پیسوں کی بندر بانٹ کس نے کی؟ پیسے لینے والے کون تھے؟ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے احسان صادق کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
کمیٹی کے دیگر ممبران میں ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ڈائریکٹر امیگریشن ڈاکٹر رضوان، طارق نواز ملک ڈائریکٹر انٹرپول اور علی شیر جھاکرانی ڈائریکٹر لا شامل ہیں۔
کمیٹی ایسے تمام سیاستدانوں اور افراد سے تحقیقات کرے گی جن پر الزام ہے کہ انہوں نے 1990ء کے انتخابات میں مبینہ طور پر پیپلز پارٹی کا راستہ روکنے کے لیے آئی جے آئی کے نام سے سیاسی اتحاد بنایا تھا۔ اتحاد میں شامل سیاستدانوں میں خفیہ ایجنسیوں نے پیسے بانٹے اور الیکشن میں دھاندلی کے ذریعے نتائج پر اثر انداز ہوئے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر آئی ایس آئی ایس کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی اور سابق آرمی چیف اسلم بیگ کی نظر ثانی درخواستیں خارج کرتے ہوئے حکام کو اب تک کے اقدامات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔