لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ خلائی مخلوق کو اس بار نواز شریف شکست دیں گے۔ لوٹا ساز فیکٹریوں سے لوٹے اب پی ٹی آئی میں شامل کروائے جا رہے ہیں۔ بینرز لگانے والی سول سوسائٹی کون ہے؟ سب کو معلوم ہے۔
پنجاب کے وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ وفاداریاں بدلنے والوں پر برس پڑے۔ ان کا کہنا ہے کہ خلائی مخلوق کے ہاتھوں تراشے لوٹے ہمارے ساتھ بھی شامل ہوئے۔ ہمارا خیال تھا کہ شاید لوٹوں پر جمہوریت کا رنگ چڑھ جائے لیکن لوٹا ساز فیکٹریوں سے لوٹے اب پی ٹی آئی میں شامل کروائے جا رہے ہیں۔ اب نواز شریف خلائی مخلوق کو اس بار شکست دیں گے۔ پورا گاؤں بھی مر جائے، عمران خان کی باری نہیں آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ق لیگ کی طرح اب پی ٹی آئی کو بھی ق لیگ بنایا جا رہا ہے۔ لوٹے ساز فیکٹریوں سے لوٹا کون لا رہا ہے؟ کہاں میٹنگز ہو رہی ہیں؟ سب کو معلوم ہے۔
رانا ثناء اللہ نیب پر بھی برہم نظر آئے اور کہا کہ سندھ میں سب کو کلین چٹ دی جا رہی ہے۔ پنجاب میں نیب کا سورج سوا نیزے پر جبکہ سندھ میں اوپر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مظفر ٹپی، پیر مظہرالحق اور فریال تالپور صادق و امین ہیں تو قیامت کی نشانی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف بینرز لگانے والی سول سوسائٹی کون ہے؟ سب کو معلوم ہے۔ الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے، اب تو پی ٹی آئی کہہ رہی ہے کہ الیکشن بروقت ہوں گے۔