اختلافِ رائے پارٹی ارکان کا سیاسی حق ہے: ن لیگ کا اعلامیہ

Last Updated On 18 May,2018 08:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز شریف کے زیرِ صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اختلافِ رائے کا احترام کرتی ہے۔

مسلم لیگ )ن( کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پوری جماعت متحد ہے۔ ن لیگ نے ملک کو ترقی دی اور پاکستان کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالا، شہباز شریف نے صوبے بھر میں مثالی کام کیا۔ ان کی بے مثال کاوشوں اور کارکردگی کی بنیاد پر دیگر صوبوں کے عوام پنجاب کو ترقی کی مثال کے طور پر دیکھتے ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پوری ن لیگ نواز شریف کے ساتھ پوری قوت اور مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے۔ ”ووٹ کو عزت دو“ کا بیانیہ پاکستانی عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے۔ عوام آئندہ انتخابات میں اسی بیانیے کو کامیاب بنا کر نواز شریف کی بصیرت کی تائید کا اعلان کریںگے۔

مسلم لیگ )ن( کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ نواز شریف نے پاکستان کی تعمیر وترقی اور سالمیت کیلئے تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے نے ہر طرح کے عالمی دباؤ اور لالچ کو ٹھوکر ماری اور ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو دنیا میں جوہری مقام دلایا۔ نواز شریف نے دیانتدارانہ کوششوں سے ملک کو درپیش چلنجز اور مسائل سے نجات دلائی۔ ملک کو اندھیروں سے نکالا اور تمام شعبوں کو بہتری کی سمت ڈالا۔

اعلامیہ کے مطابق ن لیگ جمہوری جماعت کی حیثیت سے تمام نقطہ نظر کو سنتی ہے کیونکہ اختلافِ رائے پارٹی اراکین کا جمہوری، آئینی اور سیاسی حق ہے، مسلم لیگ ن اختلافِ رائے کا احترام کرتی ہے۔