اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا شہباز شریف کی صدارت میں تہلکہ خیز اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق، شہباز شریف نے کہا ایک صاحب نے نواز شریف کو متنازع صحافی سے ملایا جس سے تباہی ہوئی، وہ انکا سب سے بڑا دشمن ہے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا اگر محاذ آرائی کو ہوا دی تو بہت نقصان ہو جائے گا، مسلم لیگ ن تدبر کے ساتھ الیکشن میں جائے گی ، لڑائی اور محاذ آرائی موجودہ صورتحال کا حل نہیں، کسی کو ایسی بات نہیں کرنی چاہیے جس سےملک کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے کہا ہم نواز شریف کو سمجھائیں گے اور ان کے مؤقف میں نرمی آئے گی، چوہدری نثار مسلم لیگ ن کا سرمایہ ہیں، وہ کہیں نہیں جا رہے۔
مسلم لیگ نون کے پارلیمانی اجلاس میں لیگی ارکان نے نواز شریف کے حالیہ انٹرویو اور محاذ آرائی پر مبنی بیانات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ شہباز شریف نے یقین دلایا کہ نواز شریف کے موقف میں جلد نرمی نظر آئے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض ارکان نے کہا نوازشریف اپنا بیانیہ بدلیں تو ان کے وفادار رہیں گے، جو بیانیہ شہبازشریف کا ہے وہی نوازشریف کا ہونا چاہیے۔