کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے تعلیمی نظام کو ایک اور جھٹکا، طلبہ میں مفت تقسیم ہونے والی کتابیں کباڑی کے ہاتھوں فروخت، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی کتابیں اور کاپیاں برآمد کر لیں۔
محکمہ تعلیم کے افسران کی غفلت یا ملی بھگت، لانڈھی کراچی میں کباڑی کے گودام سے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی غیر استعمال شدہ ہزاروں درسی کتابیں برآمد ہوئی ہیں۔
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصویر سے سجی کتابیں غریب طلبہ میں مفت تقسیم کی جانی تھیں۔ ڈی ایس پی لانڈھی لال بخش سولنگی کے مطابق کتابیں رضوان کباڑی کے گودام سے برآمد ہوئیں جس نے اسے 12 روپے کلو کے حساب سے خریدا تھا جبکہ کتاب کی مالیت کروڑوں میں ہے۔
پولیس کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جبکہ محکمہ تعلیم کے افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔