کراچی: (دنیا نیوز) سات سالہ بچے کے اغواء میں ہوٹل پر پراٹھے بنانے والا ملازم ملوث نکلا، گرفتار ملزم لیاقت کاکڑ کے مزید انکشافات سامنے آگئے۔
کراچی پولیس کے مطابق ملزم لیاقت کو دو روز قبل سپرہائی وے سے گرفتار کیا گیا، 7 سالہ عیسی کو ملزمان نے پریڈی کے علاقے سے اغواء کیا تھا، ملزمان نے بچے کی رہائی کے عوض ورثا سے پانچ لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، لیاقت کاکڑ نے قلعہ عبداللہ بلوچستان سے حیدرآباد پھر کراچی میں رہائش اختیار کی، لیاقت کاکڑ صدر میں چائے کے ہوٹل پر پراٹھے بنانے کی ملازمت کرتا تھا۔
عیسی ہر روز اسی ہوٹل پر گھر کے لیے پراٹھے لینے جاتا تھا، ملزم نے دس سے بارہ روز تک بچے سے دوستی کر کے اسے جال میں پھانس لیا اور اغواء والے روز بچے کو 100 روپے کی چیز دلائی اور گھمانے کے بہانے لے گیا۔ ملزم نے ساتھی کے ہمراہ بچے کو حیدرآباد لطیف آباد میں رکھا اور خود تاوان لینے آیا، پولیس نے لیاقت کاکڑ کو تاوان وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور اجنبیوں سے دوستی پر منع کریں۔