کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں نوجوان کو ڈاکو قرار دے کر مار دیا گیا، 13 سالہ علی رضا کو کار سواروں سے جھگڑے کی سزا علاقہ مکینوں نے دے ڈالی۔
18 اپریل کو گلستان جوہر میں پیش آنے والے دردناک واقعے کی قلعی کھل گئی، 13 سالہ علی رضا اپنے کزن ساجد کے ساتھ بائیک پر جا رہا تھا کہ کار سوار سے تلخ کلامی ہوگئی، کمسن موٹرسائیکل سوار آگے بڑھ گئے لیکن کار والے نے پیچھا کر کے ٹکر مار دی اور اترتے ہی ڈاکو کا شور مچا دیا۔
بدترین تشدد کا نشانہ بننے والے علی رضا اور ساجد کو رینجرز نے آکر چھڑایا لیکن 3 گھنٹے تک تحویل میں رکھنے کے بعد ہسپتال روانہ کیا جہاں علی رضا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، نوجوانوں کے اہلخانہ کو بھی اطلاع نہیں دی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے معاملہ اٹھایا تو پولیس حرکت میں آئی، واقعے میں استعمال ہونے والی کار تو برآمد کر لی مگر ملزمان کا تاحال کچھ پتہ نہ چل سکا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ بھی قتل عمد کے بجائے قتل خطا کی دفعات کے تحت درج کر کے جان چھڑالی تاہم لواحقین کے احتجاج پر مقدمہ کی دفعات بدل دی گئیں۔