لاڑکانہ: (روزنامہ دنیا) لاڑکانہ میں 9 سالہ بچی کو تشدد کے بعد قتل کر دیا گیا، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی کوشش کی تصدیق ہوئی ہے۔ بچی حیدری تھانے کی حدود ایوب کالونی سے منگل کو لاپتا ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں 9 سالہ بچی صائمہ جروار کی تشدد زدہ لاش گندے پانی کے تالاب سے برآمد ہوئی۔ واقعہ کی اطلاع پر ایس ایس پی لاڑکانہ تنویر حسین تنیو، ایس ایچ او اسلم پرویز ابڑو اور دیگر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ افسران نے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے چانڈ کا ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بچی کے والد نسیم جروار نے صحافیوں کو بتایا کہ منگل کو میری بیٹی گھر سے 10 روپے لے کر چیز لینے دُکان پر گئی، واپس نہ آنے پر بچی کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی گئی، مگر بچی نہ مل سکی۔ صائمہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گلا دبا کر مارنے اور جنسی زیادتی کی کوشش کی تصدیق کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال اور صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایس ایس پی لاڑکانہ کو ہدایت کی ہے کہ ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے ورثا کو انصاف فراہم کیا جائے۔