فیصل آباد :آتشبازی کی فیکٹری میں دھماکہ ، دو جاں بحق

Last Updated On 28 April,2018 11:13 am

فیصل آباد (دنیا نیوز ) فیصل آباد میں غیر قانونی آتشبازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکہ ہونے سے چھت زمین بوس ہوگئی، حادثہ میں 2 شہری جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جن کی حالت نازک ہے۔ قریبی فصلیں بھی جل کر کوئلہ بن گئیں۔

مکو آنہ بائی پاس پر غیر قانونی آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں آتش بازی کی تیاری کے دوران زور دار دھماکہ ہوا، دھماکہ سے فیکٹری کی چھت زمین بوس ہوگئی اور آگ بھڑک اٹھی، فیکٹری میں موجود 2 مزدور موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 4 ملبے تلے دب گئے جن کو انتہائی نازک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دھماکہ سے بھڑکنے والی آگ نے قریبی گندم کی فصل کو بھی کوئلہ بنا دیا، شہریوں کا کہنا ہے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ حادثہ کا شکار فیکٹری میں چند روز قبل بھی آگ لگی تھی جس سے 2 مزدور جھلس گئے تھے لیکن کسی قسم کی کارروائی نہ ہوئی۔ ایس ایس پی آپریشن کہتے ہیں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں گے۔ مکو آنہ کے علاقے میں آتش بازی کے سامان کی درجنوں غیر قانونی فیکٹریاں موجود ہیں۔ اہل علاقہ کے مطابق فیکٹری مالکان پولیس کی مٹھی گرم رکھ کر غیر قانونی کام جاری رکھے ہیں۔