پشاور: ( روزنامہ دنیا) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ ہاؤس خالی کر دیا اور اپنا رہائشی سامان ذاتی گھر واقع حیات آباد منتقل کر دیا ہے جبکہ پرویزخٹک نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے تمام سٹاف کو الوداعی پارٹی (افطار ڈنر ) دینے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پرویز خٹک نے ایک ہی رات میں 120 سمریز کی فائلیں نمٹا دیں۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا 31 مئی کو باضابطہ طور پر سی ایم ہاؤس کو خیرآباد کہہ دیں گے۔ عمران خان کے وزیراعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس کو یونیورسٹیوں میں تبدیل کرنے کے دعوے دھر ے کے دھرے رہ گئے۔
علاوہ ازیں شمولیتی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف دوبارہ حکومت بنا کر خیبرپختونخوا کی روایت بدل دے گی کیونکہ اس وقت تحریک انصاف مقبول ترین جماعت اور غریب طبقے کی آواز بن چکی ہے۔ تحریک انصاف نے ادھورے وعدوں اور کھوکھلے نعروں کی سیاست کا باب بند کر دیا ہے۔