فیصل آباد: (دنیا نیوز) رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کو مشرف کے خلاف مقدمہ چلانے کی سزا دی گئی، ان کے ایک بیان پر پری پلان پروگرام کروائے گئے لیکن اب جو کتاب آ گئی ہے اس پر کیوں کوئی نہیں بول رہا۔
الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی بات کو سر اٹھانے یا جھکانے کے پیرائے میں نہ لیا جائے، مسلم لیگ (ن) سر اٹھا کر بات کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 70 سے زائد پیشیاں سابق وزیرِاعظم نے بھگتی ہیں، کوئی کیا خود کو پیش کرے گا؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ میاں نواز شریف کو مشرف کے خلاف مقدمہ چلانے کی سزا دی گئی۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے دور میں ہی چارٹر آف ڈیمو کریسی طے ہوا۔ جب بے نظیر اور نواز شریف نے ایک دوسرے پر لگائے گئے الزامات پر اک دوسرے سے معذرت کی۔
موجودہ صورتحال پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا انڈیا کے میڈیا نے کہرام مچایا تو پاکستانی میڈیا اس کے الٹ چلنا چاہیے، مگر میاں نواز شریف کے ایک بیان پر پری پلان پروگرام کروائے گئے، نیشنل سیکیورٹی کی میٹنگ بلوائی گئی، شیخ رشید کی جانب سے ایٹمی پروگرام پر کی گئی۔ اب تو ایک کتاب آ گئی ہے، اب کیوں کوئی نہیں بول رہا۔