پی ٹی آئی سے نکالے گئے فاروق بندیال کا آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان

Last Updated On 02 June,2018 05:20 pm

جوہرآباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف میں شمولیت کے ایک ہفتہ بعد پارٹی سے نکالے جانیوالے معروف ٹرانسپورٹر ملک فاروق بندیال نے آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

تحریک انصاف میں شمولیت کے ایک ہفتہ بعد پارٹی سے نکالے جانیوالے معروف ٹرانسپورٹر ملک فاروق بندیال نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 93 خوشاب سے آزاد حیثیت سے انتخاب لڑنے کا اعلان کردیا۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا وہ پی ٹی آئی کے نظریات، پالیسیوں اور پارٹی کے چیئرمین عمران خان کی شخصیت سے متاثر ہوکر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے، لیکن انہیں 80 کی دہائی کے ایک واقعہ کو بنیاد بنا کر مہم جوئی کے نتیجہ میں پارٹی سے الگ کردیا گیا۔ حالانکہ تقریبا ً40 سال قبل کا وہ واقعہ ان کے طالبعلمی کے دور کا تھا، جس میں گینگ ریپ کا الزام بھی جھوٹا تھا۔ اس واقعہ کے بعد میں اپنی ساری زندگی خدمت خلق میں گزاری ہے، میرے حلقہ کے عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان کے مسائل حل کرنے کیلئے انتخاب لڑنے کا پروگرام بنایا ہے۔

Advertisement