عالمی یوم ماحولیات 2018ء کے موقع پر چیف آف دی نیول سٹاف نے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ ماحولیات بالخصوص سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔
کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی یوم ماحولیات ہر سال 5 جون کو اقوام متحدہ کے پروگرام برائے ماحولیات کے زیرِ سرپرستی عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد ماحول کی اہمیت پر عالمی توجہ مبذول کروا کر ماحول کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کروانا ہے۔
عالمی یوم ماحولیات کے لیے اس سال کا منتخب کردہ موضوع ہے ’پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی کا خاتمہ‘ جس کا مقصد ہے کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے پلاسٹک کا پائیدار نعم البدل تلاش کیا جائے اور اس کی پیداوار کو فوری طور پر کم کر کے اس کے استعمال میں کمی لائی جائے تا کہ اس کے سبب ہونے والی سمندری آلودگی کی روک تھام کی جا سکے جس سے سمندری حیات کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے اور انسانی صحت کو بھی کئی خطرات لاحق ہیں۔
پاک بحریہ میں یوم ماحولیات ہر سال باقاعدگی سے منایا جاتا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے اس سال پاک بحریہ میں متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جن کا مقصد پاکستان میں ماحولیات کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور عوام الناس کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں کے درمیان سمندری ماحول سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا تھا۔
ان سرگرمیوں میں یومِ ماحولیات کی اہمیت پر لیکچرز، مضمون اور نقشہ نویسی کے مقابلے شامل تھے۔ اس سلسلے میں ماہ رمضان کے بعد رہائشی علاقوں میں صفائی مہم کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ اس طرح کی سرگرمیاں عوام الناس میں ماحول سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
پاک بحریہ سمندروں کو صاف اور محفوظ بنانے کے لیے سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے مسلسل کوششیں کرتی رہتی ہے۔ اس موقع پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ سمندری ماحول کے تحفظ اور اپنی آئندہ نسلوں کے لیے قیمتی سمندری وسائل کو محفوظ بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔