لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے شہباز شریف کے صاحبزادے اور سابق رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز اور ان کی مبینہ بیوی عائشہ احد کو کل سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عائشہ احد کی درخواست پر سماعت کی۔ عائشہ احد کی وکیل انجم حمید عدالت کے روبرو پیش ہوئیں اور موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ تو درج کر لیا گیا، تاہم پولیس نے ملزمان کو تاحال گرفتار کیا اور نہ شامل تفتیش کیا جا رہا ہے۔
خاتون وکیل نے واضح کیا کہ ملزمان نے اندراجِ مقدمہ کے بعد عبوری ضمانت تک نہیں کروائی۔ چیف جسٹس پاکستان نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے استفسار کیا کہ بتائیں حمزہ شہباز کہاں ہیں؟ جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ وہ پوچھ کر بتاتے ہیں، مگر عائشہ احد کی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز لاہور میں ہیں۔
چیف جسٹس نے حکم دیا کہ اگر حمزہ شہباز لاہور میں ہیں تو کل صبح پیش ہو جائیں۔ عدالت نے حمزہ شہباز کے ساتھ ان کی مبینہ بیوی کو عائشہ احد کو بھی طلب کر لیا۔